اگر آپ کو نئے اسمارٹ فون خریدنے کا شوق ہے تو ممکن ہے کہ گھر میں کئی پرانے فون موجود ہوں۔
عام طور پر لوگ پرانا فون فروخت کرکے نیا موبائل خرید لیتے ہیں۔ لیکن ہر پرانی ڈیوائس کو بیچنا ضروری نہیں۔ اسے دوبارہ کارآمد بنا کر کئی ایسے کام کیے جا سکتے ہیں جن کے لیے الگ ڈیوائس خریدنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
نئے فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ایسے میں پرانے فون کو دوبارہ استعمال کرنا پیسے بچانے کا ایک اچھا طریقہ ہوسکتا ہے۔ چند مفت یا کم قیمت ایپس کی مدد سے پرانے موبائل کو مختلف کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
وائرلیس ویب کیم بنائیں
اگر کمپیوٹر میں ویب کیم موجود نہیں یا لیپ ٹاپ کا کیمرا اچھی ویڈیو فراہم نہیں کرتا تو پرانا اسمارٹ فون کام آسکتا ہے۔ فون کے کیمرے کو ویب کیم کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف ایپس دستیاب ہیں۔ یوں الگ ویب کیم خریدنے کا خرچ بچایا جاسکتا ہے۔
یونیورسل ریموٹ کنٹرول بنائیں
گھر میں ٹی وی، اے سی اور دیگر ڈیوائسز کے ریموٹ اکثر گم ہوجاتے ہیں۔ پرانے اسمارٹ فون کو یونیورسل ریموٹ میں تبدیل کرکے اس مسئلے سے بچا جاسکتا ہے۔ مناسب ایپ کے ذریعے فون سے مختلف ڈیوائسز کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ فون اور متعلقہ ڈیوائس ایپ کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں۔
گاڑی میں ڈیش کیم کے طور پر استعمال کریں
پرانے فون کا کیمرا گاڑی میں ڈیش کیم کا کام بھی دے سکتا ہے۔ اسے مناسب موبائل ہولڈر کے ساتھ گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگایا جاسکتا ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران سامنے کی سڑک کی ویڈیو ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ اس طرح مہنگا ڈیش کیم خریدنے کا خرچ کم ہوسکتا ہے۔
الارم کلاک بنائیں
پرانے موبائل کو الارم کلاک کے طور پر استعمال کرنا بھی آسان ہے۔ فون میں موجود الارم فیچر یا کسی دوسری ایپ کے ذریعے مختلف اوقات کے الارم لگائے جاسکتے ہیں۔ اسے بستر کے قریب رکھا جاسکتا ہے۔ اس طرح الگ الارم کلاک خریدنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
ای ریڈر کے طور پر استعمال کریں
کتابیں اور دیگر مطالعے کا مواد موبائل پر پڑھنے والے افراد کے لیے پرانا فون ایک مفید ای ریڈر بن سکتا ہے۔ غیر ضروری ایپس اور پرانا ڈیٹا ختم کرکے فون کو صرف مطالعے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مفت ای ریڈر ایپس کی مدد سے کتابیں اور دیگر مواد پڑھا جا سکتا ہے۔
سکیورٹی کیمرہ بنائیں
گھر کی نگرانی کے لیے پرانا اسمارٹ فون سکیورٹی کیمرے کے طور پر بھی استعمال ہوسکتا ہے۔ فون کو کسی مناسب جگہ پر رکھ کر کیمرے کے ذریعے نگرانی کی جاسکتی ہے۔ بعض ایپس وائی فائی کے ذریعے دوسرے فون یا کمپیوٹر پر ویڈیو دیکھنے کی سہولت دیتی ہیں۔ البتہ فون کو محفوظ جگہ پر رکھنا اور اس کے اکاؤنٹس کو پاس ورڈ سے محفوظ کرنا ضروری ہے۔
ایم پی تھری پلیئر بنائیں
اگر پرانے فون میں مناسب اسٹوریج موجود ہے تو اسے صرف موسیقی سننے کے لیے رکھا جاسکتا ہے۔ غیر ضروری فائلیں اور ایپس ڈیلیٹ کرکے اس میں گانے محفوظ کیے جاسکتے ہیں۔ اس طرح میوزک سننے کے لیے الگ MP3 پلیئر خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
گیمنگ ڈیوائس کے طور پر استعمال کریں
پرانا اسمارٹ فون گیمنگ کے لیے بھی کام آسکتا ہے۔ اس میں اینڈرائیڈ یا آئی او ایس کی مطابقت رکھنے والی گیمز انسٹال کی جاسکتی ہیں۔ اچھے وائی فائی کنکشن کی صورت میں کلاؤڈ گیمنگ یا گیم اسٹریمنگ کی سہولت بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ ایکس باکس کلاؤڈ گیمنگ اور اسٹیم لنک جیسے پلیٹ فارمز سے مطابقت رکھنے والی سہولیات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ پلے اسٹیشن صارفین بعض حالات میں PS Remote Play کے ذریعے اپنی گیمز موبائل پر چلا سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل فوٹو فریم بنائیں
پرانے فون کی اسکرین کو ڈیجیٹل فوٹو فریم کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اپنی پسندیدہ تصاویر کا ایک البم بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد سلائیڈ شو کے ذریعے تصاویر مسلسل اسکرین پر چلائی جاسکتی ہیں۔ فون کو گھر یا دفتر میں مناسب اسٹینڈ پر رکھ کر اسے خوبصورت فوٹو ڈسپلے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
پرانا فون محفوظ اور کارآمد طریقے سے استعمال کریں
پرانے موبائل کو دوبارہ استعمال کرنے سے پہلے اس میں موجود غیر ضروری ذاتی معلومات ختم کرنا بہتر ہے۔ اگر فون کو سکیورٹی کیمرے، ڈیش کیم یا کسی دوسرے مستقل کام کے لیے استعمال کیا جائے تو اسے چارج رکھنے کا بھی انتظام کرنا چاہیے۔ اسی طرح ایسی ایپس استعمال کی جائیں جو قابل اعتماد ہوں۔






