تازہ ترین
عالمی تنازعات کے اثرات اشیا ضروریہ کی قیمتوں پر پڑسکتے ہیں، محمد اورنگزیبکیا آپ کو بھی سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے؟ یہ روزمرہ تبدیلیاں آپ کے لیے مفید ہوسکتی ہیںایل پی جی کی قیمت 425 روپے فی کلو تک رکھنے کی تجویزدرآمدی موبائل فونز پر ٹیکس میں 89 فیصد کمی، نئی شرحیں جاریاسلام آباد پولیس کی نئی چھٹی پالیسی 2026 جاری، حج، عمرہ اور شادی کے لیے کتنی چھٹیاں ملیں گی؟ایران پر الزام تراشی کا نیا دور؟ امریکی انٹیلی جنس چیف کا انتباہ سامنے آگیاامریکی بحری جہازوں کو خلیج فارس میں دوبارہ داخل نہیں ہونے دیں گے، ایرانی فوج کا اعلانکیا آپ بھی نیند میں باتیں کرتے ہیں؟ اس کے پیچھے چھپی وجہ جان کر حیران رہ جائیں گے!عالمی تنازعات کے اثرات اشیا ضروریہ کی قیمتوں پر پڑسکتے ہیں، محمد اورنگزیبکیا آپ کو بھی سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے؟ یہ روزمرہ تبدیلیاں آپ کے لیے مفید ہوسکتی ہیںایل پی جی کی قیمت 425 روپے فی کلو تک رکھنے کی تجویزدرآمدی موبائل فونز پر ٹیکس میں 89 فیصد کمی، نئی شرحیں جاریاسلام آباد پولیس کی نئی چھٹی پالیسی 2026 جاری، حج، عمرہ اور شادی کے لیے کتنی چھٹیاں ملیں گی؟ایران پر الزام تراشی کا نیا دور؟ امریکی انٹیلی جنس چیف کا انتباہ سامنے آگیاامریکی بحری جہازوں کو خلیج فارس میں دوبارہ داخل نہیں ہونے دیں گے، ایرانی فوج کا اعلانکیا آپ بھی نیند میں باتیں کرتے ہیں؟ اس کے پیچھے چھپی وجہ جان کر حیران رہ جائیں گے!
سوشل میڈیا رجحان

K-IV کے لیے کراچی کی بڑی شاہراہیں کھودنے کی تیاری، منصوبے کی مجموعی لاگت 224 ارب روپے تک پہنچ گئی

K-IV منصوبہ کراچی

کراچی: شہر قائد کو اضافی پانی فراہم کرنے کے لیے کئی برس سے زیر تعمیر K-IV گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی منصوبہ اب ایک ایسے اہم مرحلے میں داخل ہونے جارہا ہے جس کے اثرات براہ راست کراچی کی سڑکوں، ٹریفک اور شہری انفرااسٹرکچر پر پڑ سکتے ہیں۔

GTV News کی جانب سے سرکاری ریکارڈ، منصوبے کی دستاویزات اور K-IV Augmentation سے متعلق ماحولیاتی و سماجی دستاویزات کے جائزے سے سامنے آیا ہے کہ کینجھر جھیل سے کراچی کے لیے آنے والے اضافی پانی کو شہر کے موجودہ نظام تک پہنچانے کے لیے تقریباً 94 کلومیٹر طویل Augmentation نیٹ ورک بچھایا جانا ہے۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے بڑے قطر کی پائپ لائنیں کراچی کے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں سے گزریں گی، جس کے باعث تعمیراتی مرحلے کے دوران شہر کی ٹریفک پر نمایاں دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

94 ارب نہیں، 94 کلومیٹر ہے اصل عدد

K-IV منصوبے کے حوالے سے مختلف ادوار میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے باعث 94 کے عدد کے حوالے سے بھی ابہام پیدا ہوتا رہا ہے، تاہم سرکاری دستاویزات کے جائزے سے واضح ہوتا ہے کہ 94 ارب روپے نہیں بلکہ تقریباً 94 کلومیٹر کا عدد K-IV Augmentation نیٹ ورک سے متعلق ہے۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق وفاقی ادارے واپڈا کے زیر انتظام K-IV Phase-I Mainstream کی منظور شدہ لاگت تقریباً 126.4 ارب روپے ہے۔ دوسری جانب کراچی کے اندر پانی پہنچانے کے لیے سندھ حکومت کے تحت بنائے جانے والے K-IV Augmentation Project کی بنیادی لاگت تقریباً 71.8 ارب روپے بتائی گئی ہے، جبکہ مختلف مراحل اور دستاویزات میں اس کا تخمینہ تقریباً 74 ارب روپے یا اس سے زائد بھی سامنے آیا ہے۔

Main K-IV، Augmentation، پمپنگ، فلٹریشن اور متعلقہ انفرااسٹرکچر سمیت پورے نظام سے وابستہ اخراجات کو دیکھا جائے تو منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 224 ارب روپے کی سطح تک پہنچتی دکھائی دیتی ہے۔

K-IV کے دو بنیادی حصے کیا ہیں؟

K-IV کو سمجھنے کے لیے اس کے دو بنیادی حصوں، یعنی Mainstream اور Augmentation، میں فرق سمجھنا ضروری ہے۔ Main K-IV Phase-I کا کام واپڈا کے زیر انتظام ہے اور اس کا بنیادی مقصد کینجھر جھیل سے کراچی کے لیے تقریباً 260 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی منتقل کرکے شہر کے اطراف میں قائم بڑے ذخائر تک پہنچانا ہے۔

دوسری جانب K-IV Augmentation سندھ حکومت اور کراچی کے پانی سے متعلق اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اس حصے کا بنیادی مقصد Main K-IV سے آنے والے پانی کو بڑے ذخائر سے اٹھا کر کراچی کے موجودہ پانی کے نظام سے جوڑنا ہے تاکہ اضافی پانی شہر کے مختلف علاقوں تک پہنچایا جاسکے۔ اگر Main K-IV مکمل ہوجائے لیکن Augmentation نیٹ ورک مکمل نہ ہو تو کینجھر سے آنے والے اضافی پانی کو کراچی کے موجودہ نظام میں شامل کرکے شہری علاقوں تک پہنچانا ممکن نہیں ہوگا۔

کراچی کی کن بڑی شاہراہوں پر کام ہوسکتا ہے؟

K-IV Augmentation کی سرکاری ماحولیاتی اور سماجی دستاویزات کے مطابق منصوبے کے مختلف روٹس کراچی کی متعدد اہم شاہراہوں اور شہری علاقوں سے گزرتے ہیں۔ ان میں ایسٹرن بائی پاس، پاکستان اسٹیل روڈ، مہران ہائی وے، ایم نائن سپر ہائی وے، یونیورسٹی روڈ، سر شاہ محمد سلیمان روڈ، ایم ٹین ناردرن بائی پاس، لیاری بستی روڈ اور ان سے منسلک متعدد شہری علاقے شامل ہیں۔

شہری حصے میں منصوبے کے ممکنہ کوریڈور سے سہراب گوٹھ، ابوالحسن اصفہانی روڈ، ڈسکو بیکری، مسکن چورنگی، گلشن چورنگی، نیپا، حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، ناظم آباد، حبیب بینک چورنگی اور گل بائی جیسے مصروف مقامات بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

تاہم کسی مقام کے منصوبے کے روٹ میں شامل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ پوری سڑک لازماً کھودی جائے گی۔ تعمیراتی طریقہ کار، حتمی Right of Way، پائپ لائن کی گہرائی اور Traffic Management Plan کے مطابق مختلف مقامات پر کام کی نوعیت مختلف ہوسکتی ہے۔

72 سے 96 انچ قطر کی بڑی پائپ لائنیں

سرکاری منصوبہ جاتی دستاویزات کے مطابق Augmentation نیٹ ورک میں تقریباً 72 سے 96 انچ قطر تک کی بڑی پائپ لائنیں استعمال کی جائیں گی۔ یہ عام شہری پانی کی لائنیں نہیں بلکہ بڑی مقدار میں پانی ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے والی Bulk Water Transmission Lines ہوں گی۔

پائپ لائنوں کا بڑا قطر اور ان کی تنصیب کے لیے درکار تعمیراتی کام گنجان شہری علاقوں میں منصوبے کو ایک بڑا انجینئرنگ اور ٹریفک مینجمنٹ چیلنج بنا دیتا ہے۔ جہاں پائپ لائنیں مصروف شاہراہوں یا اہم چوراہوں کے قریب سے گزریں گی، وہاں تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا خاص اہمیت رکھے گا۔

R-1، R-2 اور R-3 لائنیں کہاں جائیں گی؟

سرکاری منصوبہ بندی کے مطابق K-IV Augmentation کو بنیادی طور پر R-1، R-2 اور R-3 کے تین بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

R-1: پپری اور صنعتی علاقوں کی جانب

R-1 لائن K-IV کے Reservoir-1 سے شروع ہوکر پپری، ایسٹرن بائی پاس اور لانڈھی کے اطراف موجود پانی کے نظام سے منسلک ہوگی۔ اس حصے کے ذریعے تقریباً 65 ملین گیلن یومیہ پانی منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

یہ کوریڈور کراچی کے صنعتی علاقوں کے حوالے سے بھی اہم ہے کیونکہ پپری اور لانڈھی کے اطراف بڑے صنعتی اور شہری علاقے موجود ہیں۔

R-2: کراچی کے گنجان شہری علاقوں سے گزرنے والا روٹ

R-2 K-IV Augmentation کا سب سے اہم شہری روٹ ہے جو Reservoir-2 یا نارتھ ایسٹ کراچی سے شہر کے اندر کی جانب جائے گا۔ اس لائن کے ذریعے تقریباً 130 ملین گیلن یومیہ پانی منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

یہ روٹ ٹریفک کے حوالے سے اس لیے زیادہ اہم ہے کہ اس کا کوریڈور سپر ہائی وے کی سمت سے کراچی کے انتہائی گنجان علاقوں کی طرف آتا ہے۔ اس سے منسلک علاقوں میں سہراب گوٹھ، ابوالحسن اصفہانی روڈ، ڈسکو بیکری، مسکن، گلشن، نیپا، حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، ناظم آباد، حبیب بینک چورنگی اور گل بائی شامل ہیں۔

اگر اس کوریڈور میں ایک ہی وقت میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام شروع کیا گیا تو کراچی کی پہلے سے دباؤ کا شکار ٹریفک پر اضافی بوجھ پڑسکتا ہے۔ اس لیے مرحلہ وار تعمیر، متبادل راستوں کی بروقت فراہمی اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اس منصوبے کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔

R-3: ناردرن بائی پاس سے بنارس تک

R-3 لائن Reservoir-3 سے ناردرن بائی پاس، منگھوپیر اور کراچی کے مغربی حصوں کی طرف آئے گی۔ اس لائن کے ذریعے بھی تقریباً 65 ملین گیلن یومیہ پانی منتقل کرنے کا منصوبہ ہے اور اسے قصبہ، بنارس اور ملحقہ علاقوں کے موجودہ پانی کے نظام سے جوڑنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر کام آئندہ مشکلات کی مثال کیوں؟

K-IV Augmentation کے شہری اثرات کا اندازہ یونیورسٹی روڈ پر جاری یا مکمل کیے گئے کام سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔ سندھ اسمبلی میں جمع کرائے گئے سرکاری جواب کے مطابق نیپا سے حسن اسکوائر کے درمیان تقریباً 2.7 کلومیٹر کے حصے پر K-IV Augmentation سے متعلق کام کیا جاچکا ہے یا جاری رہا ہے۔

یہ حصہ اس لیے بھی اہم ہے کہ یونیورسٹی روڈ پہلے ہی کراچی کے ایک بڑے شہری ٹریفک کوریڈور کے طور پر استعمال ہوتا ہے، جبکہ یہاں Red Line BRT سمیت دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث شہریوں کو طویل عرصے سے ٹریفک مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

اب اہم سوال یہ ہے کہ جب Augmentation کا کام شہر کے دیگر گنجان علاقوں تک پہنچے گا تو کیا تعمیراتی سرگرمیوں کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے مکمل کیا جائے گا یا ایک ہی وقت میں طویل کوریڈورز پر کام شروع ہوگا۔ بڑے قطر کی پائپ لائن بچھانے میں صرف سڑک کی کھدائی ہی نہیں بلکہ پائپ کی تنصیب، جوڑ، ٹیسٹنگ، مٹی کی واپسی اور سڑک کی بحالی جیسے کئی مراحل شامل ہوں گے۔

نئی بنی سڑکیں دوبارہ کھودنے کا خدشہ

K-IV Augmentation کے روٹس میں شامل بعض علاقوں میں پہلے ہی سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور دیگر ترقیاتی کام کیے جاچکے ہیں۔ خصوصاً ابوالحسن اصفہانی روڈ، مسکن، گلشن اور اطراف کے علاقوں میں مختلف ترقیاتی سرگرمیاں ہوتی رہی ہیں۔

ایسے میں ایک اہم انتظامی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر کسی سڑک کو پہلے تعمیر یا مرمت کردیا جائے اور بعد میں اسی کوریڈور میں K-IV کی بڑی پائپ لائن بچھانے کے لیے دوبارہ کھدائی کی جائے تو سرکاری وسائل کا ضیاع ہوگا اور شہریوں کو دوسری مرتبہ تعمیراتی مشکلات اور ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس صورتحال سے بچنے کے لیے K-IV Augmentation شروع کرنے سے قبل کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤن انتظامیہ، ٹریفک پولیس، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، KWSSIP اور دیگر یوٹیلیٹی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ بندی ضروری ہوگی۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے روٹس اور تعمیراتی شیڈول کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا ہوگا تاکہ ایک ہی سڑک کو بار بار کھودنے کی صورتحال پیدا نہ ہو۔

سرکاری دستاویز میں ٹریفک متاثر ہونے کے خدشات

K-IV Augmentation کی سرکاری Environmental and Social Impact Assessment میں تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک میں خلل کے خدشے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ خصوصاً یونیورسٹی روڈ، سر شاہ محمد سلیمان روڈ اور دیگر گنجان شہری کوریڈورز میں کھدائی، تعمیراتی مشینری، مٹی، پائپ اور دیگر سامان کی موجودگی کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا امکان موجود ہے۔

اسی تناظر میں منصوبے کی دستاویزات میں Traffic Management Plan، متبادل راستوں، حفاظتی انتظامات اور تعمیر مکمل ہونے کے بعد متاثرہ سڑکوں کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ کراچی جیسے شہر میں یہ اقدامات اس لیے بھی اہم ہیں کیونکہ ایک بڑی شاہراہ پر تعمیراتی رکاوٹ کئی اطراف کے ٹریفک نظام کو متاثر کرسکتی ہے۔

K-IV سے کراچی کو کتنا اضافی پانی ملے گا؟

K-IV Phase-I کا بنیادی ہدف کراچی کو مزید 260 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کرنا ہے۔ یہ پانی کینجھر جھیل سے کراچی منتقل کیا جائے گا۔

کراچی کی مجموعی پانی کی طلب اس مقدار سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے K-IV Phase-I کی تکمیل سے شہر کی پانی کی قلت مکمل طور پر ختم ہونے کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ تاہم 260 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی شہر کے موجودہ بحران میں نمایاں کمی لاسکتا ہے، بشرطیکہ Main K-IV کے ساتھ Augmentation اور شہر کا Distribution Network بھی بروقت تیار اور فعال ہو۔

اس طرح K-IV کی کامیابی صرف اس بات پر منحصر نہیں کہ پانی کینجھر جھیل سے کراچی تک پہنچ گیا بلکہ اصل مقصد یہ ہوگا کہ وہ پانی کراچی کے موجودہ نظام میں شامل ہوکر مختلف علاقوں تک بھی پہنچ سکے۔

224 ارب روپے کے منصوبے کا اصل چیلنج کیا ہے؟

GTV News کے سرکاری ریکارڈ کے جائزے کے مطابق K-IV Phase-I Mainstream کی منظور شدہ لاگت تقریباً 126.4 ارب روپے ہے، جبکہ K-IV Augmentation کا بنیادی سرکاری تخمینہ تقریباً 71.8 ارب روپے ہے۔ مختلف مراحل میں لاگت بڑھنے کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں اور Main K-IV، Augmentation اور متعلقہ انفرااسٹرکچر کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو منصوبے کا مالی حجم تقریباً 224 ارب روپے کی سطح تک پہنچتا دکھائی دیتا ہے۔

اس کے مقابلے میں Augmentation Network تقریباً 94 کلومیٹر طویل ہے، جبکہ اس میں 72 سے 96 انچ قطر تک کی بڑی پائپ لائنیں شامل ہیں۔ یہ اعداد ظاہر کرتے ہیں کہ K-IV اب صرف پانی کی فراہمی کا منصوبہ نہیں رہا بلکہ کراچی کی آئندہ شہری منصوبہ بندی، سڑکوں، ٹریفک اور بڑے انفرااسٹرکچر سے براہ راست جڑا ہوا منصوبہ بن چکا ہے۔

کراچی کے لیے پانی بھی ضروری، سڑکیں بھی

K-IV کراچی کے لیے ایک اہم اور طویل انتظار کے بعد مکمل ہونے والا منصوبہ ہے۔ شہر کو اضافی پانی کی ضرورت ہے اور اس منصوبے کی تکمیل شہریوں کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، لیکن اس اضافی پانی کو کراچی کے موجودہ نظام تک پہنچانے کے لیے جس بڑے انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہے، اس کی تعمیر شہریوں کے لیے نئی مشکلات بھی پیدا کرسکتی ہے۔

سہراب گوٹھ سے نیپا، حسن اسکوائر سے لیاقت آباد، ناظم آباد سے گل بائی اور شہر کے صنعتی علاقوں تک مختلف کوریڈورز میں تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کو معمول پر رکھنا حکومت اور متعلقہ اداروں کے لیے ایک بڑا امتحان ہوگا۔

اصل سوال یہ ہے کہ حکومت 94 کلومیٹر کے اس نیٹ ورک کو کس ترتیب سے تعمیر کرے گی، ہر حصے کی تکمیل کے لیے کتنی مدت مقرر ہوگی، شہریوں کے لیے متبادل راستے کیسے فراہم کیے جائیں گے اور تعمیر کے بعد سڑکوں کو کتنی تیزی سے بحال کیا جائے گا۔

کراچی کے لیے K-IV کی اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب کینجھر جھیل سے 260 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی شہر تک پہنچنے کے ساتھ ساتھ Augmentation اور Distribution Network بھی مؤثر طور پر فعال ہو۔ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے سڑکوں پر تعمیراتی کام ناگزیر ہوسکتا ہے، لیکن اس عمل کی قیمت کراچی کے شہریوں کو کئی سالہ ٹریفک اذیت، غیر ضروری تاخیر اور بار بار کھودی جانے والی سڑکوں کی صورت میں ادا نہیں کرنی چاہیے۔