ایران کے پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر نے واضح کیا ہے کہ جب تک ایران کے جائز مطالبات پورے نہیں ہوتے آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر ان چیف کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی، جب تک ایران کے تمام جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور یہ صورتحال اسی طرح برقرار رہے گی۔
جنرل نقدی نے مزید کہا کہ اگرچہ کچھ افراد چھوٹے جہازوں کے ذریعے تیل کی اسمگلنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس طرح کے غیر قانونی راستوں سے اسمگل کیے جانے والے تیل کی مقدار انتہائی کم ہے، جسے آبنائے ہرمز کے کھلے ہونے کا ثبوت قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ دھماکوں کے ذریعے بنائے گئے ان چند غیر قانونی اور پتھریلے راستوں کو جلد ہی مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ہتھیاروں کی مارڈ رینج کسی تکنیکی مجبوری کی وجہ سے محدود نہیں ہے، بلکہ یہ ملک کی تزویراتی ضروریات کے تحت طے کی جاتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میدان جنگ کی ضرورت کے مطابق ایرانی ہتھیاروں کی مار اور طاقت میں جب چاہا جائے اضافہ کیا جا سکتا ہے۔






