افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مسلح کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، اور قندھار میں جھڑپ کے دوران طالبان کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔
افغانستان میں طالبان مخالف مسلح تنظیم افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق قندھار کے ضلع ڈنڈ میں طالبان رجیم کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کا ایک اہم کمانڈر عزت اللہ ہلاک ہو گیا۔
اسی طرح قندھار کے ہی ضلع ارغنداب میں کی جانے والی ایک اور ٹارگٹڈ کارروائی میں طالبان کا انٹیلی جنس اہلکار بھی مارا گیا۔
اس کے علاوہ صوبہ ہلمند کی ایک جیل پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں طالبان کا ایک اہلکار ہلاک اور دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
سیاسی اور عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان رجیم کے تسلط کے خلاف مسلح تحریکوں کا اس طرح زور پکڑنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اب وہاں کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔






