ڈیرہ بگٹی میں 20 سے زائد فراری دہشت گردوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔
ڈیرہ بگٹی کے پاکستان ہاؤس سوئی میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جس میں 20 سے زائد فراری دہشت گردوں نے پرامن زندگی گزارنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اپنے ہتھیار وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے رکھ دیے۔
ہتھیار ڈالنے والے ان افراد نے تشدد اور بغاوت کا راستہ ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر ملک کے آئین اور قانون کا احترام کرنے کا حلف اٹھایا۔
اس موقع پر فراری کمانڈر نور خان بگٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب قومی دھارے میں شامل ہو چکے ہیں اور ایک پرامن شہری کی حیثیت سے اپنی زندگی گزاریں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ریاست ہمیشہ ان لوگوں کے لیے آغوش کھولتی ہے، جو تشدد کا راستہ چھوڑ کر قانون کے دائرے میں واپس آتے ہیں۔






