سعودی وزیر خارجہ کو ان کے ایرانی ہم منصب نے ٹیلیفون کر کے خطے میں حوثی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کو ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا فون موصول ہوا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے اس رابطے میں حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی ایئرپورٹس کو نشانہ بنائے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا تفصیلی جائز لیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بات چیت کے دوران اس بات پر زور دیا کہ سیاسی حل کو نظر انداز کر کے صرف عسکری راستہ اختیار کرنے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ خطے کے مسائل کا کوئی عسکری حل موجود نہیں ہے اور صرف عدل و انصاف پر مبنی مذاکرات کے ذریعے ہی اس کشیدگی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ ایران، سعودی عرب اور یمن کے درمیان بات چیت کے آغاز اور سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔






