سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی ہے، جس کے بعد ایئرپورٹ آج رات 12 بجے تک بند رہے گا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق راڈار اور کمیونیکیشن نظام کا جائزہ لینے کے لیے بندش بڑھائی گئی ہے، جبکہ سعودی عرب کے فضائی آپریشن سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق ریاض کے لیے مجموعی طور پر 34 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ اس صورت حال کے اثرات مدینہ، جدہ اور دمام کے ایئرپورٹس کے فضائی آپریشن پر بھی پڑے ہیں۔
سعودی عرب اور خلیجی خطے میں کشیدگی کے تناظر میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں لاہور سے ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی ایکس وائے 318، ایف تھری 656 اور پی نائن 580 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دمام جانے والی ایکس وائے 884 بھی منسوخ کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق منسوخیوں میں کراچی سے چھ، اسلام آباد سے چار، لاہور سے 12 اور پشاور سے دو پروازیں شامل ہیں۔ ان تبدیلیوں کے باعث سعودی عرب جانے والے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خصوصاً ان افراد کو جنہوں نے ملازمت، عمرے، کاروبار یا خاندانی ملاقاتوں کے لیے سفر کا انتظام کیا ہوا ہے۔
دوسری جانب دمام ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن چھ گھنٹے کی بندش کے بعد بحال کردیا گیا ہے۔ تاہم آپریشن کی بحالی کے باوجود سعودی عرب کے لیے پروازوں کے مجموعی شیڈول میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت میں تبدیلیوں کے باعث مسافروں کو اپنی پرواز کی تازہ صورت حال معلوم کرنا ضروری ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی روانگی، منسوخی یا نئے وقت کی تصدیق کرلیں۔
اگر ٹکٹ یا کنکشن پرواز متاثر ہوئی ہو تو ایئرلائن سے متبادل انتظامات اور بکنگ میں تبدیلی کے طریقہ کار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جائیں۔






