عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عراق کی سرزمین مملکت پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔
اہم مذاکرات کے لیے ریاض پہنچنے والے عراقی وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں خطے کی صورت حال اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران عراقی وزیراعظم نے کنگ خالد ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی مذمت کی۔
انہوں نے عراق اور سعودی عرب کے تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں مشترکہ مفادات پر زور دیا۔
علی الزیدی نے عراق کی سلامتی اور سعودی عرب کے استحکام کو پورے خلیجی خطے کے امن سے جڑا ہوا قرار دیا۔ بغداد ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے اور سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی خودمختاری کے احترام کے لیے پُرعزم ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی مختلف شعبوں، بالخصوص سلامتی اور رابطہ کاری میں عراق کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے عراقی حکومت کی مذاکراتی کوششوں کی حمایت کی۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد علی الزیدی کا سعودی عرب کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔






