سعودی عرب کے علاقے نجران میں حوثی ملیشیا کے داغے گئے پروجیکٹائل کے گرنے سے 6 شہری زخمی ہو گئے اور کئی رہائشی مکانات و گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سعودی عرب کے نجران ریجن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک حملہ کیا گیا، جس میں داغا گیا پروجیکٹائل براہِ راست ایک رہائشی علاقے پر آ گرا۔
اس واقعے میں 6 عام شہری زخمی ہوئے جبکہ 3 گھروں اور 3 گاڑیوں کو شدید مالی نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سعودی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور علاقے کو محفوظ بنایا۔
سعودی حکام کے ترجمان نے کہا کہ شہری علاقوں اور عام آبادی کو نشانہ بنانا عالمی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس قسم کے واقعات کے لیے طے شدہ طریقہ کار کے تحت سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے 2 بیلیسٹک میزائلوں اور متعدد ڈرونز کو فضا ہی میں کامیابی سے تباہ کر دیا تھا۔
ان حملوں کے بعد دارالحکومت ریاض اور جنوبی شہر خمیس مشیط کے رہائشیوں کو فضائی خطرات سے خبردار کرنے والی ہنگامی الرٹس موصول ہوئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ترکی المالکی نے بھی تصدیق کی ہے کہ اتحادی افواج نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ریاض، مشرقی صوبے اور جنوبی علاقوں میں 4 ڈرونز تباہ کیے، جبکہ یمن کے صوبہ صعدہ میں حوثیوں کے بیلیسٹک میزائل لانچروں کو بھی کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔






