امریکی صدر کی جانب سے روس پر عائد کی جانے والی بعض پابندیوں کو معطل کرنے سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گر گئی ہیں۔
ایشیائی تجارتی منڈیوں میں پیر کی صبح خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برینٹ کروڈ فیوچرز میں ابتدائی کاروباری سیشن کے دوران ڈیڑھ فیصد سے زائد کی گراوٹ دیکھی گئی، جس کے بعد خام تیل کی قیمت کم ہو کر 107.92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
قیمتوں میں اس توازن اور کمی کی بنیادی وجہ امریکی صدر کا وہ ایگزیکٹو آرڈر ہے، جس پر انہوں نے حال ہی میں دستخط کیے ہیں۔
اس آرڈر کے تحت روس پر عائد کی جانے والی متعدد معاشی پابندیوں اور خریداروں پر عائد جرمانے کے فیصلے کو معطل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ کی پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے برینٹ کروڈ کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل کی سطح تک چلی گئی تھی، تاہم امریکی اقدام سے مارکیٹ کو وقتی طور پر ریلیف ملا ہے۔






