طالبان حکومت میں افغانستان سے دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے پھیلاؤ سے وسطی ایشیا کے استحکام کے لیے شدید خطرات پیدا ہو گئے۔
افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سرحد پار دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ میں اضافے پر عالمی سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
امریکی جریدے یوریشیا ریویو کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پڑوسی ممالک کے لیے بدستور خطرناک بنی ہوئی ہے۔
خاص طور پر تاجکستان کو افغان سرزمین سے ہونے والی دراندازی، انتہا پسندی، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا سامنا ہے۔
افغانستان سے دہشت گردی پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر روس نے تاجکستان کی افغان سرحد کو مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سیکیورٹی اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت نہ صرف اپنے عالمی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے بلکہ مختلف عسکریت پسند گروہوں کے لیے محفوظ ڈھال بھی بنی ہوئی ہے۔






