ایران نے امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے ملنے والی مسلسل فوجی دھمکیوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اور فوری اجلاس بلانے کی اپیل کر دی۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام حسین درزی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کی صدارت کو خط ارسال کیا ہے۔
اپنے مراسلے میں ایرانی سفیر نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کرنے کی مسلسل اور دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ان اقدامات سے خطے اور عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
غلام حسین درزی نے عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری طور پر آگے آئے اور ایران کی خودمختاری پر حملہ کرنے والی ان دھمکیوں کی باضابطہ مذمت کرے۔
ایرانی مندوب نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ اس صورتحال کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے سیکیورٹی کونسل کا ایک ایمرجنسی اجلاس بلائے تا کہ امریکی اور اسرائیلی جارحانہ عزائم کو روکا جا سکے اور مشرق وسطیٰ کو کسی بڑی تباہ کن جنگ سے بچایا جا سکے۔






