یمنی حکومت کی فورسز نے حوثی ملیشیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ ملک میں ہتھیار اور فوجی سامان لانے کے لیے روایتی کشتیوں کا استعمال بند کر دیں۔
یمنی حکومت کی جوائنٹ فورسز کمانڈ نے انتباہی بیان میں حوثی ملیشیا کو تنبیہ کی ہے کہ وہ روایتی اور عام کشتیوں کو استعمال کرتے ہوئے یمن کی حدود میں ہتھیار، میزائل اور دیگر فوجی آلات کی اسمگلنگ فوراً روک دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کے اس عمل سے خطے کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کی زندگیاں اور ان کی املاک شدید خطرے میں پڑ چکی ہیں۔
جوائنٹ فورسز کمانڈ نے زور دے کر کہا کہ یہ اسمگلنگ یمن اور اس سے باہر پورے خطے کے لیے ایک سنگین سیکیورٹی چیلنج بن چکی ہے۔
فورسز نے تمام کشتیوں کے مالکان اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یمن کی ساحلی پٹی پر ہتھیار لانے اور ملٹری سامان کی نقل و حمل میں حوثی ملیشیا کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کریں۔
حکومت نے واضح کیا کہ حوثیوں کی مدد کرنے کی صورت میں کشتیوں کے مالکان کی اپنی زندگیاں اور ان کی املاک شدید خطرے کی زد میں آ سکتی ہیں۔






