قطر کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باوجود سفارتی کوششیں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
دوحہ میں منعقدہ گلوبل سیکیورٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا عمل مسلسل جاری ہے اور دونوں فریقین اس نازک صورتحال میں بھی سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے حساس مذاکرات کے بارے میں عوامی سطح پر خبروں کا سامنے نہ آنا اس بات کی علامت ہے کہ متعلقہ فریق اپنا کام انتہائی خاموشی اور درست طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔
قطر کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی بڑی جنگ کے خدشات کو ٹالنے کے لیے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا جا سکے اور امن کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ راہیں تلاش کی جا سکیں۔






