یمنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ تعز میں ہونے والی شدید جھڑپوں اور فضائی حملوں کے دوران حوثی ملیشیا کے 129 جنگجو ہلاک ہو گئے۔
یمنی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی صوبے تعز میں گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والے خونریز تصادم اور فضائی کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کے 129 افراد مارے گئے جبکہ 176 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔
تعز ملٹری ایکسس کمانڈ کے مطابق یمنی سرکاری فورسز نے تعز شہر کے جنوب میں واقع المصرخ کے علاقے میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رکھیں۔
فوجی بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی مقامی جنگجوؤں اور عام شہریوں کے بھرپور تعاون اور مدد سے انجام دی گئی، جس کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کو جانی اور مالی لحاظ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
یمنی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک کے اسٹریٹجک علاقوں سے ملیشیا کا خاتمہ کرنے تک آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔






