امریکی صدر نے یوکرین کے صدر کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے روس کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات نہ کیے تو یہ ان کے لیے انتہائی برا ہو گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو شدید تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ روس کے ساتھ جنگ بندی کے لیے مذاکرات سے انکار کرتے ہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے روس کو ایک ایسی بڑی مشین قرار دیا، جو مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین کی زمین کے ایک بہت بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے اور ہفتہ وار بنیادوں پر ان کی پیش قدمی جاری ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے یوکرین کو 350 ارب ڈالر کی امداد دی لیکن امریکی عوام کو اس کے بدلے صرف غم، موت اور شدید مالی نقصان کے سوا کچھ نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اتنی بڑی رقم کے بدلے کچھ زمین اور نایاب معدنیات کے معاہدے کیے تھے لیکن اس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ولادیمیر زیلنسکی کو یہ جنگ ختم کرنی ہو گی اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو یہ ایک بہت بری بات ہو گی۔






