ایرانی صدر اور محسن رضائی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں واضح کیا ہے کہ امریکہ کے دھمکیاں اور پابندیاں ختم کرنے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
تہران میں ہونے والی اہم ملاقاتوں کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں تہران کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکہ جب تک ایران پر سے تمام دھمکیاں، پابندیاں اور بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم نہیں کرتا، اس وقت تک تہران کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔
دوسری جانب ایران کے سیکیورٹی چیف محسن رضائی نے واضح کیا کہ ایران اپنا افزودہ یورینیم ملک سے باہر بھیجنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کیونکہ یہ قومی اثاثہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے 7 شرائط پیش کی ہیں، جن کی منظوری کے بغیر امریکہ سے اعتماد سازی ممکن نہیں ہو گی۔






