برطانیہ نے حوثیوں کے حملوں کے پیشِ نظر سعودی عرب کے لیے اپنی فوجی معاونت میں توسیع کرتے ہوئے دفاعی فضائی گشت اور ایندھن کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ حوثیوں کے حملوں کے خلاف سعودی عرب کی فوجی معاونت میں اضافہ کر رہا ہے، جس کے تحت رائل ایئر فورس کے جنگی طیارے سعودی عرب کی فضائی حدود میں دفاعی فضائی گشت کریں گے۔
برطانوی وزیرِ دفاع ویس سٹریٹنگ کے مطابق رائل ایئر فورس کے ٹائفون طیارے سعودی شہروں، عام آبادی اور اہم قومی بنیادی ڈھانچے کو حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی آپریشنز انجام دیں گے۔
برطانوی وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ ان کے طیارے حوثیوں کے زمین پر موجود اہداف پر حملے نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سعودی عرب کو فوجی ٹرانسپورٹ کی سہولت اور فوجی مشیر بھی فراہم کرے گا۔
اس سے قبل برطانیہ نے سعودی فضائیہ کو دورانِ پرواز ایندھن فراہم کرنے کا جو فیصلہ کیا تھا، اس میں مزید 90 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔






