بھارتی جریدے دی اکنامک ٹائمز کا کہنا ہے کہ بھارتی دفاعی کمپنیوں میں 2 ہزار کروڑ روپے سے زائد کے 10 عسکری معاہدوں میں سنگین کرپشن پائی گئی ہے۔
نریندر مودی حکومت کی نااہلی اور ادارہ جاتی کمزوریوں کے باعث بھارتی فوج میں کرپشن اسکینڈلز کا ایک نیا سلسلہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی جریدے دی اکنامک ٹائمز کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق ایک اہم دفاعی کمپنی کے خلاف شروع کی جانے والی کرپشن تحقیقات نے 2 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیتی کے 10 اہم فوجی معاہدوں کی شفافیت پر شدید سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس دفاعی کمپنی کی انتظامیہ نے تقریباً 500 کروڑ روپے کا ملٹری کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کو بھاری رشوت دی تھی۔
زیرِ تفتیش کمپنی بھارتی فوج کو حملہ آور اور نگرانی کرنے والے ڈرونز، گولہ بارود اور دیگر حفاظتی آلات فراہم کرنے کی ذمہ دار تھی۔
دفاعی ماہرین اور صحافیوں کے مطابق اس تحقیقات کے بعد فوجی معاہدوں کی منسوخی سے بھارتی فوج کو مہلک ہتھیاروں کی بروقت فراہمی شدید مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔
سینیئر بھارتی صحافیوں نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت سیاسی مقاصد کے لیے نام نہاد فوجی طاقت کا ڈھونگ رچا کر تمام قومی پیسہ بدعنوانی کی نذر کر رہی ہے۔






