عراق نے سیکیورٹی انتظامات پر نظرِ ثانی کے لیے ایران کے ساتھ شیب سرحدی راستے کو تمام مسافروں، گاڑیوں اور تجارتی ٹرکوں کی آمدورفت کے لیے غیر معینہ مدت تک بند کر دیا۔
عراقی حکومت نے ایران سے متصل شیب بارڈر کراسنگ کو تمام مسافروں، عام گاڑیوں اور تجارتی ٹرکوں کے لیے اگلے حکم تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
عراقی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سرحدی راستے کے اندر سیکیورٹی انتظامات پر دوبارہ غور اور نظرِ ثانی کے لیے کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ ان احکامات کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم آنے والے دنوں میں ایران کے ساتھ دیگر کئی سرحدی راستوں کو بھی مرحلہ وار بند کیا جا سکتا ہے۔
اس پیش رفت پر ایرانی حکام نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایران کے وزارتِ داخلہ کے ترجمان علی زینی وند نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت بغداد کا یہ فرض ہے کہ اگر وہ کئی دنوں کے لیے سرحدی راستہ بند کرتا ہے تو تہران کو پہلے سے مطلع کرے۔






