ایرانی وزیرِ خارجہ نے فائنینشل ٹائمز میں لکھے گئے مضمون میں خبردار کیا ہے کہ ایران کے بارے میں مغربی ممالک کے غلط مفروضے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے معروف برطانوی اخبار فائنینشل ٹائمز میں ہمارے بارے میں غلط مفروضے خطرناک ہیں کے عنوان سے شائع ہونے والے اپنے کالم میں مغربی طاقتوں کو شدید انتباہ دیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ایران مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کا ایک باوقار اور پرامن حل تلاش کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، لیکن اگر ان پر جنگ مسلط کی گئی تو ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت اور تیاری میں بھی کوئی کمی نہیں ہے۔
عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے مضمون کو شیئر کرتے ہوئے زور دیا کہ اگر واشنگٹن پرامن حل کی نیت دکھائے اور اس کے مضبوط ثبوت فراہم کرے تو تہران سفارت کاری کے راستے پر چلنے کو تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ سفارت کاری کے بجائے جنگ کا راستہ چنتا ہے تو اسے پہلے سے بھی بڑی اسٹریٹجک ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران کے پاس دشمن کی ہر عسکری چال کا مقابلہ کرنے کی منصوبہ بندی موجود ہے اور واشنگٹن کو غلط فہمیوں سے باہر نکلنا ہوگا۔






