افغانستان سے دراندازی کی کوشش پر چینی سرحدی حکام نے افغان طالبان کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کی سخت وارننگ جاری کردی ہے۔
طالبان رجیم میں افغانستان کی سرزمین سے سرحد پار دہشت گردی اور دراندازی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے ہمسایہ ممالک کو چوکس کر دیا ہے۔
افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق وخان راہداری کے مقام سے دراندازی کی کوشش پر چینی سرحدی حکام نے طالبان کو فوری طور پر وہ علاقہ چھوڑنے کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔
طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد چین نے افغان سرحد پر سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیئے ہیں اور نگرانی کے لیے خاردار تاریں اور کیمرے بھی نصب کیے ہیں۔
افغان جریدے کا بتانا ہے کہ چین نے دہشت گرد عناصر کی دراندازی کے خدشے کے پیشِ نظر افغانستان کے ساتھ واخان کا سرحدی راستہ تاحال بند کر رکھا ہے۔
تمام ہمسایہ ممالک افغانستان کی سرحد سے بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنی سرحدی حفاظت کے لیے غیر معمولی اقدامات کر رہے ہیں۔






