طارق فضل چوہدری نے عامر ڈوگر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل اور اپوزیشن کی شمولیت کے امور پر گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو ٹیلی فون کر کے انتخابی اصلاحات کمیٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
رابطے کے دوران طارق فضل چوہدری نے عامر ڈوگر سے اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کی باضابطہ درخواست کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپنے نام جلد از جلد بھجوائے۔
انہوں نے زور دیا کہ اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت سے پارلیمنٹ اور جمہوریت دونوں مضبوط ہوں گی اور انتخابی اصلاحات کے اہم عمل میں اپوزیشن کا کردار انتہائی کلیدی ثابت ہو گا۔
گفتگو کے دوران عامر ڈوگر نے پارلیمانی کمیٹی کی کمپوزیشن کے بارے میں سوال پوچھا، جس پر طارق فضل چوہدری نے وضاحت کی کہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل میں ہر سیاسی جماعت کی پارلیمانی قوت کو مدنظر رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایوان میں نشستوں کے تناسب کے حساب سے حکومت کے 15 اور اپوزیشن کے 5 ارکان قومی اسمبلی اس کمیٹی کا رکن ہوں گے۔
اس پر عامر ڈوگر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کمیٹی میں اتنی کم نمائندگی کے ساتھ اپوزیشن کیا مؤثر کردار ادا کرے گی؟ اس کے ساتھ ہی عامر ڈوگر نے حکومت سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے اس فارمولے پر نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا۔
عامر ڈوگر نے تجویز پیش کی کہ 2013 میں جو انتخابی اصلاحات کمیٹی بنی تھی، اس کی تشکیل کا فارمولہ ہی اس بار بھی مدنظر رکھا جائے۔
پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو سب سے پہلے اس بات کی تحقیقات کرنی چاہیے کہ 2024 کے انتخابات کس طرح چوری ہوئے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی پارلیمانی قیادت سے مکمل مشاورت کرنے کے بعد ہی حکومت کو اس کا حتمی جواب دیں گے۔






