دنیا میں کئی ایسے قدرتی مقامات موجود ہیں جہاں رونما ہونے والے واقعات لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ڈیتھ ویلی نیشنل پارک میں بھی ایک ایسا ہی عجیب منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہاں بڑے اور بھاری چٹانی پتھر بغیر کسی انسانی مدد کے اپنی جگہ سے سرکتے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان پتھروں کے پیچھے زمین پر لمبی لکیریں بھی بن جاتی ہیں، جیسے کسی نے انہیں گھسیٹ کر آگے بڑھایا ہو۔
ڈیتھ ویلی نیشنل پارک میں واقع ایک خشک جھیل کی سطح کو ریس ٹریک پلایا کہا جاتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ان پتھروں کی حرکت کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ ان پتھروں کو عام طور پر سیلنگ اسٹونز کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بعض پتھروں کا وزن 200 کلوگرام سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔ یہ پتھر اپنی جگہ سے کئی سو فٹ دور تک پہنچ جاتے ہیں۔ بعض اوقات ان کے بنائے ہوئے نشانات ایک ہزار فٹ تک پھیلے ہوتے ہیں۔
کافی عرصے تک سائنسدانوں کے لیے یہ ایک معمہ بنا رہا کہ آخر اتنے بھاری پتھر خود کیسے حرکت کرتے ہیں۔ اس حوالے سے مختلف اندازے لگائے جاتے رہے، لیکن کسی نے اپنی آنکھوں سے انہیں سرکتے نہیں دیکھا تھا۔ پھر 2014 میں ٹائم لیپس فوٹوگرافی کی مدد سے اس قدرتی عمل کو ریکارڈ کیا گیا۔ اس تحقیق نے پتھروں کی حرکت کے پیچھے چھپی ممکنہ وجہ واضح کر دی۔
دو سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ سردیوں میں بارش کے بعد جھیل کی خشک سطح پر پانی جمع ہو جاتا ہے۔ رات کے وقت درجہ حرارت کم ہونے سے پانی کی ایک انتہائی پتلی اور شفاف برفیلی تہہ بن جاتی ہے۔ دن میں سورج نکلنے پر یہ برف ٹوٹ کر بڑے ٹکڑوں میں تقسیم ہو جاتی ہے۔ سائنسدانوں نے اس عمل کو آئس شوو کا نام دیا۔
جب تیز ہوا چلتی ہے تو برف کے یہ بڑے ٹکڑے پانی کی سطح پر حرکت کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ بھاری پتھر بھی آہستہ آہستہ سرکنے لگتے ہیں۔ اس طرح پتھروں کے پیچھے مٹی پر لمبے نشانات بن جاتے ہیں۔ تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے تقریباً 60 پتھروں کو حرکت کرتے ریکارڈ کیا۔
ڈیتھ ویلی نیشنل پارک کی انتظامیہ کے مطابق یہ عمل ہر وقت نہیں ہوتا۔ اس کے لیے بارش، برف کی پتلی تہہ اور تیز ہواؤں جیسے مخصوص حالات ضروری ہیں۔ اگر مناسب بارش نہ ہو تو پتھر طویل عرصے تک اپنی جگہ پر موجود رہتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیتھ ویلی دنیا کے انتہائی خشک اور گرم مقامات میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں سالانہ اوسط بارش تقریباً دو انچ ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے پتھروں کی حرکت کا مشاہدہ کرنا آسان نہیں۔ دسمبر سے فروری کے دوران وہاں جانے والے افراد کو ان پتھروں کے بنائے ہوئے نشانات دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ تاہم سفر سے پہلے بارش کی پیشگوئی ضرور دیکھنی چاہیے۔ پتھروں کو حرکت کرتے دیکھنا آج بھی مشکل ہے، لیکن زمین پر موجود ان کے نشانات اس قدرتی عمل کی کہانی ضرور سناتے ہیں۔






