تازہ ترین
موبائل چارجنگ کے دوران یہ 5 کام بھول کر بھی نہ کریں، ورنہ پچھتائیں گے!وزیر اعظم لون اسکیم میں قرضوں سے متعلق بڑی خوشخبری!!! اب گھر بیٹھے موبائل سے اپلائی کریں؛ مگر کیسے؟سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہسوزوکی کمپنی کی ’جی ڈی 110 ایس‘ موٹر سائیکل کی نئی قیمت سامنے آگئیہاتھ یا جسم جل جائے تو ٹوتھ پیسٹ لگانا کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟ حقیقت جان لیں100 روپے کے پرائز بانڈز رکھنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئیب فارم یا برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کیسے بنے گا؟ آسان طریقہ جانیںامریکی عوام میں اسرائیل مخالف جذبات نے ریپبلکنز کو انتخابی نقصان پہنچایا، ٹرمپموبائل چارجنگ کے دوران یہ 5 کام بھول کر بھی نہ کریں، ورنہ پچھتائیں گے!وزیر اعظم لون اسکیم میں قرضوں سے متعلق بڑی خوشخبری!!! اب گھر بیٹھے موبائل سے اپلائی کریں؛ مگر کیسے؟سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہسوزوکی کمپنی کی ’جی ڈی 110 ایس‘ موٹر سائیکل کی نئی قیمت سامنے آگئیہاتھ یا جسم جل جائے تو ٹوتھ پیسٹ لگانا کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟ حقیقت جان لیں100 روپے کے پرائز بانڈز رکھنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئیب فارم یا برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کیسے بنے گا؟ آسان طریقہ جانیںامریکی عوام میں اسرائیل مخالف جذبات نے ریپبلکنز کو انتخابی نقصان پہنچایا، ٹرمپ
صحت

ہاتھ یا جسم جل جائے تو ٹوتھ پیسٹ لگانا کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟ حقیقت جان لیں

Exclusive

جلنے کا واقعہ اچانک پیش آتا ہے اور ایسی صورتحال میں اکثر لوگ گھبراہٹ میں فوری طور پر گھریلو ٹوٹکے آزمانے لگتے ہیں۔

 کچھ افراد متاثرہ جگہ پر ٹوتھ پیسٹ لگاتے ہیں تو بعض برف، گھی، تیل یا ہلدی کا استعمال کرتے ہیں۔ بظاہر یہ طریقے فائدہ مند محسوس ہوتے ہیں، لیکن طبی ماہرین کے مطابق ان سے جلد کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے جلنے کی صورت میں درست ابتدائی طبی امداد کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جلنے کے زخم پر ہر گھریلو چیز لگانا محفوظ نہیں ہوتا۔ بھارت کے شہر کولکتہ کے سی کے برلا اسپتال سے وابستہ پلاسٹک اور ری کنسٹرکٹیو سرجری کے ماہر ڈاکٹر انوپم گولاش کے مطابق ٹوتھ پیسٹ، گھی اور کھانا پکانے کا تیل جلنے والی جلد کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ بعض لوگ ٹوتھ پیسٹ لگانے سے ٹھنڈک محسوس کرتے ہیں، لیکن یہ احساس عارضی ہوتا ہے۔

ٹوتھ پیسٹ میں مختلف کیمیکل اور خوشبو شامل ہوتی ہے۔ یہ اجزا پہلے سے متاثرہ جلد میں جلن بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ زخم پر جراثیم لگنے کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ گھی، مکھن اور تیل لگانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ یہ چیزیں جلد پر ایک تہہ بنا دیتی ہیں، جس سے متاثرہ حصے کی حرارت باہر نکلنے میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ نتیجتاً جلد کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔

اسی طرح جلنے والی جگہ پر براہ راست برف رکھنا بھی درست طریقہ نہیں ہے۔ برف سے وقتی طور پر درد کم محسوس ہوسکتا ہے، لیکن اس کی شدید ٹھنڈک جلد کو مزید متاثر کرسکتی ہے۔ اس سے متاثرہ حصے میں خون کی روانی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ لہٰذا برف یا برف والا پانی استعمال کرنے کے بجائے ٹھنڈا بہتا پانی استعمال کرنا چاہیے۔

جلنے پر فوری طور پر کیا کرنا چاہیے؟

ماہرین کے مطابق اگر جلد کسی گرم چیز، آگ یا گرم مائع سے جل جائے تو سب سے پہلے متاثرہ حصے کو تقریباً 20 منٹ تک ٹھنڈے بہتے پانی کے نیچے رکھیں۔ اس عمل سے جلد کی حرارت کم ہوتی ہے اور زخم کی شدت بڑھنے سے روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ پانی نہ تو برف جیسا ٹھنڈا ہو اور نہ ہی گرم۔ متاثرہ حصے کو ٹھنڈا کرنے کے بعد صاف اور نرم کپڑے یا جراثیم سے پاک ایسی پٹی سے ڈھانپ دیں جو زخم سے چپکے نہیں۔

جلنے کے بعد جلد پر پانی سے بھرے چھالے بھی بن سکتے ہیں۔ بعض لوگ انہیں سوئی سے پھوڑ دیتے ہیں، لیکن ایسا کرنا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ چھالے کے اوپر موجود جلد اندر کی نئی جلد کو جراثیم سے محفوظ رکھتی ہے۔ اسے پھوڑنے سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح جلی ہوئی جلد کو خود سے کھینچ کر اتارنے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔

اگر کپڑا جلنے کے باعث جلد کے ساتھ چپک جائے تو اسے زبردستی ہٹانے کی کوشش نہ کریں۔ ایسا کرنے سے جلد مزید متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے بجائے فوری طبی مدد حاصل کریں۔

کن صورتوں میں ڈاکٹر کے پاس جانا ضروری ہے؟

اگر جلنے کا زخم چہرے، ہاتھوں، پاؤں یا جوڑوں پر ہو تو اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ بڑے زخم، گہرے جلنے یا چھالے بننے کی صورت میں بھی ڈاکٹر سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔ اگر جلد سفید یا سیاہ پڑ جائے، سن محسوس ہو یا زخم کی شدت زیادہ ہو تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔ بجلی یا کیمیکل سے جلنے کی صورت میں بھی فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جلنے کے بعد غلط گھریلو ٹوٹکے آزمانے کے بجائے ابتدائی طبی امداد کے درست طریقوں پر عمل کرنا چاہیے۔ بروقت متاثرہ حصے کو ٹھنڈے بہتے پانی سے ٹھنڈا کرنا اور ضرورت کے مطابق ڈاکٹر سے رجوع کرنا زخم کی پیچیدگیوں سے بچنے میں مدد دے سکتا ہے۔