وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے کی زیادہ سے زیادہ حد میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کی کارکردگی اور اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کیلئے کاروباری مواقع بڑھانے اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی جائے۔ اس فیصلے سے ایسے نوجوانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں یا پہلے سے جاری کاروبار کو مزید وسعت دینے کے خواہش مند ہیں۔
حکومت نے قرض حاصل کرنے کیلئے عمر کی شرط میں بھی نرمی کردی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال مقرر کی جائے۔ اس تبدیلی کے بعد 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نوجوان بھی اسکیم کے تحت قرض کیلئے درخواست دے سکیں گے۔
وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کیلئے 292 ارب روپے مختص
وزیراعظم آفس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اس اسکیم کے تحت نوجوانوں کو قرض فراہم کرنے کیلئے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ رقم آسان اقساط پر ذاتی قرضوں کی فراہمی کیلئے استعمال ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو مالی مشکلات کے بغیر کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
خواتین کیلئے 30 فیصد قرض مختص کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کیلئے ایک اہم ہدایت بھی جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فراہم کیے جانے والے مجموعی قرضوں میں سے 30 فیصد خواتین کیلئے مختص کیے جائیں۔ اس فیصلے کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں کاروبار کے شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی جانب سے اسکیم کو بہتر بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔






