وزارت پیٹرولیم نے ایل پی جی کی قیمتوں کا فارمولا بھی پیٹرولیم مصنوعات کی طرز پر امپورٹ پیریٹی پرائس کے تحت طے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں کی نئی پالیسی پر کام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ایل پی جی کا نرخ کا فارمولا پیٹرولیم پرائسنگ کی طرز پر بنایا جائے گا۔
اس نئی پالیسی کے تحت ایل پی جی کی قیمتیں امپورٹ پیریٹی پرائس کے فارمولے پر مبنی ہوں گی، جس کے ذریعے سمندری حادثات کی انشورنس کی لاگت بھی قیمتوں کا حصہ بنے گی۔
وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مصنوعی قلت، من مانی قیمتوں اور بلیک مارکیٹنگ کو روکنے میں مدد ملے گی اور ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں طے کرنے کا ایک باضابطہ طریقہ کار قائم ہو سکے گا۔
اس نئی پالیسی کی حتمی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے لی جائے گی، جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ امپورٹ پیریٹی پرائس سے ایل پی جی کی قیمت میں زیادہ اضافہ نہیں ہو گا۔






