پاور ڈویژن نے بجلی کے نرخوں میں تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کردی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق حکومت نے صنعتی اور زرعی صارفین کے موجودہ بجلی ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ تاہم اضافی بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ صنعتی اور زرعی صارفین کو اضافی بجلی استعمال کرنے پر 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادائیگی کرنا ہوگی۔ اس حوالے سے بجلی کی قیمت میں معمولی اضافے کی تجویز صرف اضافی کھپت کے لیے دی گئی ہے۔ اس کا اطلاق صارفین کے موجودہ بجلی ٹیرف پر نہیں ہوگا۔
پاور ڈویژن کے مطابق انکریمنٹل پیکیج کے ذریعے صنعتی اور زرعی صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ ستمبر 2026 تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 9 ہزار 335 صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ جبکہ اس پیکیج کے لیے 5 لاکھ 18 ہزار 316 صارفین اہل قرار دیے گئے تھے۔ اس طرح تقریباً 40 فیصد اہل صارفین نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
ترجمان نے بتایا کہ دسمبر 2025 سے ستمبر 2026 کے دوران صنعتی اور زرعی صارفین نے اضافی طور پر 6 ہزار 940 گیگاواٹ آور بجلی استعمال کی۔ اس اضافی بجلی کے استعمال پر حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 43 ارب 50 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق انکریمنٹل پیکیج کے تحت صنعتی صارفین کو اضافی بجلی استعمال کرنے پر فی یونٹ 5 سے 10 روپے تک رعایت دی گئی۔ اس کے نتیجے میں صارفین کے مجموعی بجلی بلوں میں بھی کمی ہوئی۔ اس پیکیج کے باعث بجلی کے بلوں میں اوسطاً فی یونٹ 1 روپے 50 پیسے سے 2 روپے 50 پیسے تک کمی ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتیں بڑھنے اور خطے میں کشیدگی کے باعث بجلی پیدا کرنے کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود حکومت کوشش کررہی ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کا اضافی بوجھ دوسرے صارفین پر منتقل نہ ہو۔






