ابراہیم عزیزی نے اسرائیل کو شدید انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی تنصیبات پر حملے کی صورت میں مقبوضہ علاقوں کو ناقابل رہائش بنانے میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت لگے گا۔
ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے عبرانی، انگریزی اور فارسی زبانوں میں ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کو سخت سکیورٹی انتباہ دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران کی سکیورٹی یا قومی تنصیبات کے خلاف کوئی بھی اقدام کیا گیا تو مقبوضہ علاقوں کو ناقابل رہائش بنانے کے لیے صرف ایک گھنٹے سے بھی کم وقت لگے گا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمن کی صرف ایک غلط فہمی یا غلط حساب کتاب ہی مقبوضہ زمینوں کو ایک گھنٹے کے اندر اندر مکمل غیر آباد کرنے کے لیے کافی ہوگا۔
ابراہیم عزیزی نے اپنے عبرانی زبان کے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اس ویڈیو کو بھی شیئر کیا، جس میں وہ اسرائیلی فوج کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس ویڈیو میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ ایرانی خطرے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا واحد طریقہ وہاں کی حکومت کا تختہ الٹنا ہے اور یہی ان کی فوج، موساد اور سکیورٹی اداروں کو ہدایت ہے۔






