گوادر میں فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر بلوچستان کی تمام سیاسی قیادت اور صوبائی وزراء نے سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
گوادر میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرکے ناکام بنا دیا ہے، جس پر بلوچستان کی پوری سیاسی قیادت نے فورسز کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اس واقعے کے دوران فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچ خواتین کو جنگ کا حصہ بنانے اور انہیں استعمال کرنے کی کوشش پر صوبائی وزراء سمیت تمام سیاسی شخصیات نے شدید برہمی اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
سیاسی قیادت کا کہنا ہے کہ خواتین کو اس ناپاک کارروائی میں دھکیل کر عسکریت پسندوں نے قدیم قبائلی روایات اور بلوچ اقدار کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
بلوچستان کی سابق پارلیمانی سیکریٹری فرح عظیم شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے کے عوام کو ان عناصر کے پیچھے چھپے مقاصد کو پہچاننا ہوگا، جو بلوچستان کے امن، ترقی اور عزت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ خواتین کو دہشت گردی میں جھونکنے کی حکمت عملی انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بہترین کارروائی نے دشمن کے ناپاک عزائم مٹی میں ملا دیے ہیں۔
صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کی واحد ضمانت تعلیم ہے اور بچوں و خواتین کو گمراہ کن پروپیگنڈے سے بچانے کے لیے تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دینی ہوگی۔






