ٹنڈوآدم کے قریب جھول روڈ پر مسافر بس اور کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ٹنڈوآدم میں بی سیکشن تھانے کی حدود میں جھول روڈ پر الفتح پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار مسافر بس اور کار میں آمنے سامنے آنے کے بعد شدید تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو فوراً تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 48 سالہ منو ولد نانجی کولہی، 30 سالہ راموں ولد منو کولہی، 40 سالہ نیلہ زوجہ منو کولہی اور 5 سالہ دیول ولد راموں شامل ہیں۔
زخمیوں کی شناخت 30 سالہ گلابی اہلیہ ویرم کولہی، 30 سالہ ہیری اہلیہ راموں، 4 سالہ کنیو ولد راموں اور 7 سالہ روشنی ولد منو کولہی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
تعلقہ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد شدید زخمیوں کی نازک حالت کے پیش نظر انہیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کار سانگھڑ سے ٹنڈوآدم کی جانب آ رہی تھی جبکہ بس ٹنڈوآدم سے سانگھڑ جا رہی تھی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق کولہی برادری سے ہے اور وہ سعید آباد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔






