سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ 5 ہفتوں کے دوران ملک بھر میں دہشت گردانہ حملوں میں 66 فیصد کی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی جانب سے جاری کردہ نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے مسلسل اور کامیاب آپریشنز کے مثبت نتائج سامنے انے لگے ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 ہفتوں کے دوران دہشت گردانہ حملوں میں تقریباً 66 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 18 سے 24 ستمبر کے دوران جہاں 61 حملے ریکارڈ کیے گئے تھے، وہیں 16 سے 22 اکتوبر کے ہفتے میں یہ تعداد گھٹ کر صرف 21 رہ گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں مجموعی عسکریت پسندانہ حملوں میں 38 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ 16 سے 22 اکتوبر تک دہشت گردانہ حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بھی 20 سے کم ہو کر 11 رہ گئی ہے۔
اس عرصے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 33 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔ رپورٹ میں فتنہ الہندوستان میں قیادت کے داخلی تنازع اور فتنہ الخوارج کی بدلتی ہوئی پروپیگنڈا حکمت عملی کے اثرات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔






