ضلع عمرکوٹ کے دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کرکٹر محمد سلیمان بھنڀرو نے اپنی مسلسل شاندار ڈومیسٹک کارکردگی کی بدولت قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنا لی۔
میرپورخاص ڈویژن اور عمرکوٹ کے لیے ایک شاندار کامیابی سامنے آئی ہے، جہاں کے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹر محمد سلیمان بھنڀرو کو قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ان کی اس شاندار کامیابی کی خبر ملتے ہی اہلِ خانہ، دوستوں اور کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور جگہ جگہ جشن منایا گیا۔
محمد سلیمان بھنڀرو 1999 میں ضلع عمرکوٹ کے گاؤں جگھو بھیل میں پیدا ہوئے، ان کے والد عبدالسلیم پیشے کے اعتبار سے ایک کسان ہیں۔
کرکٹ سے بے پناہ جنون اور قومی سطح پر نام کمانے کے جذبے کے تحت وہ میرپورخاص منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے مقامی گراؤنڈز میں کڑی محنت کرکے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔
محمد سلیمان گزشتہ 3 سال سے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل بہترین اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے، جس کے صلے میں قومی سلیکٹرز نے انہیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا۔
ان کی یہ شمولیت میرپورخاص اور اندرونِ سندھ کے دیگر دیہی علاقوں کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک زبردست حوصلہ افزائی کا باعث بنی ہے کہ محنت اور لگن سے ہر ناممکن خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔






