اسلامیہ کالج پشاور کی ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو خط لکھ کر 2022 کے بقایا ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کردیا۔
اسلامیہ کالج پشاور کی ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ایک رسمی خط ارسال کیا ہے، جس میں جامعات کے اساتذہ اور ملازمین کو درپیش مالی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی جامعات کے ملازمین یکم مارچ 2022 سے محکمہ خزانہ کی جانب سے منظور شدہ 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس سے تاحال محروم چلے آ رہے ہیں، جس سے ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
ایسوسی ایشن نے خط میں کہا ہے کہ 2025 کے الاؤنس سے متعلق کیے جانے والے پالیسی فیصلوں اور سفارشات کی تفصیلات بھی ملازمین کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی ہیں۔
اساتذہ نے گورنر خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ الاؤنسز کی ادائیگی کے لیے قائم کی گئی مرکزی سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کی پیش رفت کو منظرِ عام پر لایا جائے اور پالیسی فیصلوں پر عمل درآمد میں تیزی لائی جائے تاکہ تمام اہل اساتذہ اور ملازمین کو متعلقہ تاریخوں سے دونوں الاؤنسز کے تمام واجبات اور بقایاجات فراہم کیے جا سکیں۔






