ترکیہ کی کمپنی اور پاکستانی ادارے کے درمیان 55 ملین ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری سے فیصل آباد میں جدید ڈیری پروسیسنگ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
ایس آئی ایف سی کی بھرپور معاونت اور تعاون سے پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں ایک بہت بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فیصل آباد میں جدید ترین ڈیری پروسیسنگ پلانٹ کے قیام کے لیے 55 ملین ڈالر (اربوں روپے) کی غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پاکستان کی ہولڈنگ کمپنی انٹرلوپ اور ترکیہ کی نامور کمپنی ریلا گِدا مشترکہ طور پر فیصل آباد میں یہ جدید پلانٹ نصب کریں گی۔
اس جدید پروسیسنگ پلانٹ میں عالمی معیار کے مطابق پنیر، مکھن اور وہے پروٹین تیار کی جائے گی، جس سے مقامی سطح پر ڈیری مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا اور پروسیسنگ کے جدید طریقوں کو اپنایا جا سکے گا۔
اس نئے پلانٹ کے مکمل فعال ہونے سے کمپنی کی سالانہ دودھ پروسیس کرنے کی صلاحیت 180 ملین لیٹر تک پہنچ جائے گی۔
اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان کی ویلیو ایڈڈ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا بلکہ ملکی ڈیری صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔






