حوثی ملیشیا نے سعودی دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتہائی درستگی کے ساتھ میزائل حملہ کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ سعودی اتحاد نے صنعا میں جوابی کارروائی کی ہے۔
حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فورسز نے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل سے ایک درست حملہ کیا ہے۔ انہوں نے ملک کے مشرق اور مغرب میں خام تیل کے پمپنگ اسٹیشنوں پر بھی کئی ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا۔
یہ بیان اس واقعے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا، جب سعودی فورسز نے ریاض کی طرف فائر کیا جانے والا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی اتحاد نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمنی دارالحکومت صنعا میں دو میزائل لانچرز پر حملے کرکے انہیں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے تصدیق کی کہ ان میں سے ایک پلیٹ فارم حالیہ گھنٹوں میں ریاض پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
حوثیوں نے گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف صوبوں پر سعودی اتحاد کی جانب سے فضائی حملے کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا، جس سے خطے میں جنگی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔






