گوادر شہر سے متعلق بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈے کا بھانڈا پھوٹ گیا، شہر میں تمام معمولات زندگی بلکل پرامن طور پر رواں دواں ہیں۔
گوادر میں معمولاتِ زندگی اور امن و امان سے متعلق دشمن عناصر بالخصوص فتنہ الہندوستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے بے بنیاد پروپیگنڈے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
زمینی حقائق کے مطابق گوادر شہر اور اس کے گرد و نواح کے تمام علاقوں میں حالات بلکل معمول کے مطابق ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی تعطل کے جاری ہے۔
فتنہ الہندوستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر من گھڑت اطلاعات پھیلائی جا رہی تھیں کہ گوادر میں حالات خراب ہیں اور کاروبار بند ہے، تاہم سچائی اس کے بلکل برعکس ہے۔
گوادر کے تمام تجارتی مراکز، مارکیٹیں اور کاروباری ادارے کھلے ہیں اور لوگ اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
بلوچستان کے عوام نے بھی سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے اس گمراہ کن پروپیگنڈے کی سخت الفاظ میں تردید کی ہے اور تصدیق کی ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش اور بہتر ہے۔






