کراچی کی گڈاپ سٹی پولیس نے فارم ہاؤس میں نوکری کا جھانسہ دے کر 59 لڑکیوں کے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم بابر عرف سلمان ساحل کو گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکیوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے گروہ کے مرکزی منصوبہ ساز ملزم بابر عرف سلمان ساحل کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے ملازمت اور انٹرویو کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کو انصاری میڈوز فارم ہاؤس بلایا تھا۔
یکم اکتوبر کو بحریہ ٹاؤن میں ایک ایونٹ میں ملازمت کا لالچ دے کر لڑکیوں کو جمع کیا گیا، جہاں ملزم نے سیکیورٹی کی جانچ کے نام پر 59 لڑکیوں کے موبائل فون جمع کر لیے اور پھر موقع دیکھ کر تمام فونز سمیت فارم ہاؤس سے فرار ہو گیا۔
گرفتار مرکزی ملزم کے قبضے سے 40 مسروقہ موبائل فون اور ایک پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم یہ موبائل فون مارکیٹ میں فروخت کرنے کے لیے لے جا رہا تھا۔
اس واقعے میں ملوث فارم ہاؤس بک کرانے والے ملزم وقاص اور کوآرڈینیٹر نرگس سمیت دیگر سہولت کاروں کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ پولیس ملزم کے دیگر مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کر رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔






