سعودی وزیر دفاع کی قیادت میں ایک اعلیٰ وفد آج تہران جا رہا ہے، جہاں مکہ معاہدے میں شامل ممالک اور ایران کے درمیان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔
سعودی نائب وزیر برائے عوامی سفارت کاری کے بیان کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی قیادت میں ایک اہم وفد تہران روانہ ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی سفیر رائد قرملی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا ہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان اس دورے کے دوران پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکیہ کے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن کے ہمراہ اس اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل محسن رضائی بھی شریک ہوں گے۔
سعودی سفیر نے واضح کیا ہے کہ یہ دورہ مکہ معاہدے میں شامل ممالک کی جاری کوششوں کا حصہ ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے، باہمی مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی جائے اور تمام مسائل کا پائیدار سفارتی حل نکالا جا سکے۔ اس اہم سفارتی اقدام سے قطر اور پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کو بھی مزید تقویت ملے گی۔
نائب سیکریٹری سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل علی باقری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، ترکی اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے ساتھ آج تہران کا دورہ کر رہے ہیں۔






