پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خانم، عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔
سرکاری وکیل فرخ لودھی نے ہوم سیکریٹری پنجاب کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی، جس کے مطابق علیمہ خانم، عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی کی مدت ختم ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے اس میں مزید 30 روز کی توسیع کی تجویز دی تھی۔
پنجاب حکومت نے اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے تینوں خواتین کی نظر بندی میں مزید 30 دن کا اضافہ کر دیا ہے۔ سماعت کے موقع پر ہوم سیکریٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل عدالت میں پیش ہوئے۔






