کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): افغانستان میں طالبان حکومت کے دور میں صحافیوں کو گرفتاریوں، تشدد، دھمکیوں اور سنسرشپ کا سامنا ہے، جبکہ آزاد صحافت کو محدود کرنے کے لیے منظم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عالمی میڈیا واچ ڈاگ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی ایک تحقیق میں افغان صحافیوں کی نگرانی اور انہیں دباؤ میں رکھنے کے مبینہ نظام سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک 77 سے زائد افغان صحافی گرفتار کیے جا چکے ہیں، جنہیں بلاجواز قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ طالبان انٹیلی جنس کا ڈائریکٹوریٹ 015 صحافیوں کی نگرانی، انہیں دھمکانے اور گرفتاریوں میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
آر ایس ایف کے مطابق افغان صحافت پر دباؤ صرف گرفتاریوں اور براہِ راست پابندیوں تک محدود نہیں بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی رائے عامہ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں طالبان حکومت کے حق میں پروپیگنڈا کرنے اور مخالفین کو بدنام کرنے کے لیے تقریباً 1500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کیے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق ڈائریکٹوریٹ 015 کو آن لائن پروپیگنڈا مہمات چلانے اور سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کے لیے 7 کروڑ افغانی سے زائد کا بجٹ دیا گیا۔
رپورٹ میں اس سرگرمی کو صحافیوں اور حکومت پر تنقید کرنے والی آوازوں کو دبانے کے وسیع تر نظام کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ طالبان کا مقصد آزاد صحافت کو ختم کرکے میڈیا اداروں کو حکومت کے ترجمان اور پروپیگنڈا کے ذرائع میں تبدیل کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں آزادی صحافت محدود کرنے کے لیے 20 سے زائد غیر قانونی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں، جس سے صحافیوں کے لیے آزادانہ طور پر خبریں جمع کرنا اور انہیں عوام تک پہنچانا مشکل ہو گیا ہے۔
افغان صحافت کو درپیش ان حالات میں صحافیوں کو نہ صرف اپنی رپورٹنگ کے دوران دباؤ کا سامنا ہے بلکہ گرفتاریوں اور دھمکیوں کے خدشات بھی موجود ہیں۔
آر ایس ایف کی تحقیق میں بیان کردہ تفصیلات افغانستان میں میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات کو اجاگر کرتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نگرانی، سنسرشپ اور آن لائن پروپیگنڈا کے ذریعے آزاد آوازوں کو محدود کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔






