کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): مہنگائی اور بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے پریشان عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، نیپرا نے ستمبر 2026 کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کیا گیا یہ اضافہ نومبر کے بجلی کے بلوں میں صارفین سے وصول کیا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا، تاہم لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کو اس اضافے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
بجلی کے نرخوں میں اضافے کے باعث پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار شہریوں پر مزید بوجھ پڑے گا۔ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت ہونے والے اس اضافے سے گھریلو صارفین کے ماہانہ بجٹ پر بھی دباؤ بڑھے گا، جبکہ بھاری بلوں کی ادائیگی عوام کے لیے مزید مشکل ہو جائے گی۔
مہنگائی کے مسلسل دباؤ اور بجلی کے بلند نرخوں کے باعث شہری پہلے ہی پریشان ہیں، ایسے میں فی یونٹ قیمت میں مزید 2 روپے 36 پیسے اضافے نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔






