حافظ نعیم الرحمان نے ریلیف نہ دینے پر نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی طرف پوری طاقت کے ساتھ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی مسائل بالخصوص فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور غزہ کے مظلوموں کے لیے کوئی طاقتور آواز نہیں اُٹھ رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مکہ دفاعی معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے کا دفاع مضبوط ہو۔
ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حالات میں پٹرول کی قیمتیں 225 روپے پر آ جانی چاہئیں۔ جماعت اسلامی نے اب تک صبر کا مظاہرہ کر کے ذمہ دار سیاسی جماعت کا ثبوت دیا ہے لیکن اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو ہم نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب مکمل طاقت سے مارچ کریں گے۔
انہوں نے حکومتی پیکج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپنے اداروں کا نظام ٹھیک کرنے کے لیے اپنی شاہ خرچیاں کم کرنا ہوں گی کیونکہ چند ہزار لوگوں نے 25 کروڑ عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔






