تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں ایمبولینس کا گیس سلنڈر پھٹنے سے 3 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر کے گاؤں ڈانو دھاندل میں ایمبولینس میں موجود آکسیجن یا گیس سلنڈر میں دھماکا ہونے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین لاڈوں، کریمان اور راجو شامل ہیں۔
دیگر افراد میں 25 سالہ پردیپ بھیل، 54 سالہ پانٹھی راجڑ، 45 سالہ دینو میگھواڑ، 40 سالہ محمد اسحاق تھیبو، 35 سالہ لچھمن میگھواڑ، 30 سالہ جسونت میگھواڑ اور 40 سالہ لاڈوں شامل ہیں۔
یہ واقعہ ڈانو دھاندل اسپتال سے ایک ڈلیوری کیس کے دوران نومولود کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مٹھی منتقل کرتے ہوئے پیش آیا۔
دھماکے میں ایمبولینس سوار 7 مرد اور 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں، جبکہ نومولود زخمی حالت میں مٹھی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تمام لاشوں کو آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا ہے۔ ڈانو دھاندل اسپتال پی پی ایچ آئی کے زیر انتظام ہے لیکن ڈسٹرکٹ منیجر صوبدار شاہانی سے رابطے کے باوجود ان کا مؤقف نہ مل سکا۔
واقعے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صدر زرداری نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے حادثے کی شفاف تحقیقات اور حفاظتی اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سلنڈر تبدیل کرنے کے دوران آگ لگنے سے یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے زخمیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات، واقعے کی فوری تحقیقاتی رپورٹ اور تمام سرکاری ایمبولینسوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔






