پاکستان خلائی سفر میں نئی منزل حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے، پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
پاکستان خلائی سفر میں ایک نئی منزل حاصل کرنے کے قریب ہے اور پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔
اسپارکو کے مطابق چینی خلائی مشن شین ژو 24 پاکستانی خلا باز ذیشان علی کو لے کر روانہ ہوگا اور وہ چینی اسٹیشن تیانگونگ پر قدم رکھنے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔
اسپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلا باز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کرنے کے بعد واپس آئیں گے، جبکہ یہ مشن اسپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے اشتراک سے انجام دیا جائے گا اور محمد ذیشان علی مشن میں بطور سائنسی ماہر تجربات میں حصہ لیں گے۔
جی چوان میں چین کے انسانی خلائی مشن شین ژو 24 کی روانگی سے قبل میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی خلائی اسٹیشن خلا باز عملے کے لیے نسبتاً بہتر اسٹیشن ہے۔
روانگی سے قبل شین ژو 24 کے عملے کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ خلائی مشن پر روانہ ہونے کا موقع ملے گا اور مستقبل میں عالمی خلا بازوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔
چینی عملے کے ارکان نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں ایک دوسرے سے ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے، پاکستانی ساتھی خلا باز نے مشن کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور سالوں کی محنت اور خواب پورا ہو رہا ہے۔
اس موقع پر محمد ذیشان علی نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے بلکہ پورے ملک پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے بہترین تربیت فراہم کی، جس سے چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے، امید ہے کہ یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے۔ چین پاکستان کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں مزید بڑھتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔
محمد ذیشان علی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس مشن میں ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے اور پورے پاکستان کی نمائندگی اور فخر ان کے سر ہے۔






