وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کی جانب سے دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی پر ڈاکٹر مصدق ملک کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ اور زمینی حقائق کو بہترین انداز میں پیش کیا۔
وزیر اعظم نے ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کے انداز بیاں اور اردو کی بھی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے خطے میں پاکستان کے مثبت تاثر اور تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے تحمل اور فکری صراحت پر مبنی سفارتکاری کا ایک نیا معیار متعارف کروایا جو قابل تعریف ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے وزیر اعظم کو اپنے دورے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔






