چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے پاکستانی شہری محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ کر تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی شہری بن گئے ہیں۔
چین کا شینژو 24 خلائی مشن بدھ کو کامیابی سے مدار میں داخل ہوگیا ہے۔ اس خلائی سفر میں چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔
جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے چینی حکام نے بیجنگ ایرو اسپیس کنٹرول سینٹر سے ملنے والے ڈیٹا کی بنیاد پر بتایا کہ شینژو 24 کو طے شدہ مدار میں کامیابی سے بھیج دیا گیا ہے، خلائی جہاز معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
چینی حکام کے مطابق شینژو 24 کو لانچ کے ساڑھے 3 گھنٹے بعد تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہونا ہے۔ اس سفر کے ساتھ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری بن گئے ہیں۔
لانچ کے بعد جاری ہونے والی تصاویر میں خلابازوں کو خلائی جہاز کے اندر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ پرواز کے دوران معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
چین میں پاکستانی سفارتخانے نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا کہ شینژو 24 کامیابی کے ساتھ روانہ ہوگیا ہے اور پاکستانی خلاباز بھی چین کے خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔
سفارتخانے کے مطابق یہ مشن چین کے انسانی خلائی پرواز پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلابازوں کی پہلی مشترکہ پرواز ہے۔ یہ پاک چین خلائی تعاون میں ایک تاریخی سنگ میل ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک نمایاں کامیابی ہے۔ سفارتخانے نے مشن کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق محمد ذیشان علی مشن کے دوران سائنسی آلات اور تجربات کے ماہر یعنی پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر خدمات انجام دیں گے اور شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے، جو مئی میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوا تھا۔
پاکستانی خلاباز زمین کے مدار میں قیام کے دوران روزمرہ کے امور کی انجام دہی کے علاوہ بنیادی طور پر چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے تحت سائنسی تجربات کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق مشن کے مقاصد میں زمین کے مدار میں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے عملے کی تبدیلی، چینی خلائی اسٹیشن کے معمول کے امور اور دیکھ بھال کے علاوہ خلائی سائنسی تحقیق اور سائنسی آلات سے متعلق تجربات کا سلسلہ جاری رکھنا شامل ہے۔
پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق پاکستانی خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اس دوران 3 مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
سابق لڑاکا پائلٹ محمد ذیشان علی اس تاریخی مشن کی تیاری کے لیے درکار سخت جسمانی اور تکنیکی تربیتی مراحل سے گزر چکے ہیں، تاہم انہیں درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک چینی زبان مینڈارن سیکھنا تھا۔
چونکہ خلائی جہاز کے تمام سوئچ، سافٹ ویئر، پروگرام اور صوتی اعلانات مینڈارن میں ہیں، اس لیے ذیشان علی کو روزمرہ بول چال کے ساتھ ساتھ تکنیکی اصطلاحات سے بھی واقفیت حاصل کرنا پڑی۔
انہوں نے بیجنگ میں 7 ماہ تک چینی زبان کی سخت کلاسز لیں، اس دوران انہوں نے چینی گیت اور شاعری بھی سیکھی اور خطاطی کے ساتھ ٹیبل ٹینس بھی کھیلا۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ذیشان علی نے کہا کہ میں سینٹری فیوج تربیت، بچاؤ اور بقا کی تربیت اور ہنگامی طریقہ کار کی تربیت سمیت مختلف مراحل سے گزرا ہوں، لیکن سچ بات یہ ہے کہ سب سے بڑا چیلنج چینی زبان پر عبور حاصل کرنا تھا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے پاکستان کے پہلے خلاباز مشن پر قوم کو مبارکباد کا پیغام دیا اور سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر آصف زرداری نے خلابازوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے اور یہ خلائی مشن پاکستان کے سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ذیشان علی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے اور بطور فائٹر پائلٹ انہیں سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشن پاک چین دوستی، ہم آہنگی اور تعلقات کا عکاس ہے اور آج پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے، یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستانی خلاباز کی چینی خلائی اسٹیشن روانگی کو ملکی تاریخ کا اہم موڑ قرار دیا۔
چینی خلائی مشن شینژو 24 کے ذریعے پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی پر ملک بھر میں جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ پاکستانی عوام نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی سے پوری قوم کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں، خلاباز ذیشان علی کی کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ ہے، یہ تاریخی مشن نوجوانوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا ذریعہ بنے گا اور خلائی مشن میں پاکستان کی نمائندگی پاک چین دوستی اور باہمی اعتماد کی علامت ہے۔






