پاکستان کی عسکری قیادت نے پہلے انسانی خلائی پرواز مشن کے تاریخی آغاز پر قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف چیف آف دی نیول اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو چیف آف دی ایئر اسٹاف اور جنرل سید عامر رضا کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی پرواز مشن کے تاریخی آغاز پر قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے پہلے خلاباز اور چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا یہ سفر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک فیصلہ کن لمحہ اور پوری قوم کے لیے بے پناہ فخر کا باعث ہے۔
عسکری قیادت نے اس تاریخی قومی کامیابی کو ممکن بنانے پر سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل کاوشوں کو سراہا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے پاکستان کو یہ اہم سنگ میل عبور کرنے کے قابل بنانے میں انمول حمایت اور تعاون پر عوامی جمہوریہ چین کی قیادت، حکومت اور عوام سے گہری قدردانی کا اظہار بھی کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی آہنی دوستی آج نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور زمین کی سرحدوں سے نکل کر بیرونی خلا تک پھیل گئی ہے۔
بیان کے مطابق انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شمولیت اس کے انسانی سرمائے، سائنسی ذہانت اور تکنیکی صلاحیتوں کی بے پناہ استعداد کی عکاسی کرتی ہے، یہ سنگ میل آنے والی نسلوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت میں کمال حاصل کرنے کی ترغیب دے گا، جس سے قومی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اس تاریخی کامیابی کا جشن منانے میں قوم کے ساتھ شریک ہیں اور ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے کامیاب مشن اور زمین پر بحفاظت واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں۔






