محسن نقوی اور طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت محمد امین نے ملاقات کی، جس میں سیاحت، کھیل، صحت اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
مالدیپ کے وزیر محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفرااسٹرکچر اور صفائی نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور مناظر دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اسلام آباد حقیقی معنوں میں سیاحتی دارالحکومت بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کی قومی ایئر لائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہوگا، پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہ راست پروازوں سے مالدیپ میں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔
مالدیپ کے وزیر نے کہا کہ پاکستانی مشہور شخصیات مالدیپ میں مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت بڑھے گی۔ ملاقات میں محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے منصوبے پر کام کر رہا ہے اور اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی، جس سے نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مالدیپ کے ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ وہ مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
مالدیپ کے وزیر نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستانی افرادی قوت کا خیر مقدم کریں گے، جبکہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیا کی درآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں۔






