اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے، جس کے ذریعے تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو باضابطہ شکل دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پہلی بار پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اجتماعی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے معاملے کو مشترکہ طور پر باضابطہ شکل دی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کا پیغام ہے کہ مسلم دنیا اپنی سلامتی کے لیے دوسروں کی طرف دیکھنے کے بجائے باہمی اتحاد اور تعاون کی جانب بڑھ رہی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ معاہدے کے سیکریٹریٹ کا قیام اس اتحاد کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد دے گا۔ مشترکہ اعلامیے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پُرامن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور شہری انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے سعودی عرب پر حملوں کے تناظر میں شہری آبادی اور بنیادی سہولتوں کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اہم اجلاس
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، جس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ اجلاس میں تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے شرکت کی، جہاں خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے وابستگی کا اعادہ کیا۔ ان اصولوں میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو دہرایا گیا۔
خواجہ آصف کے بیان کے مطابق معاہدے کے تحت تینوں ممالک کا تعاون صرف دفاعی معاملات تک محدود نہیں بلکہ علاقائی کشیدگی میں کمی، تنازعات کے پُرامن حل اور سفارتی کوششوں کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔






